پاکستان کے شہریوں کو آسان اقساط پر اسمارٹ فونز فراہم کرنیکا حکومت کا نیا پروگرام،امین الحق

اس پروگرام کے تحت شہریوں کو ایک لاکھ روپے تک کے اسمارٹ فونز آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔

(ویب ڈسک)اسلام آباد میں اسمارٹ فون فار آل کے عنوان سے ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ہر فرد 20 سے30 فیصد ادائیگی پرکوئی بھی موبائل فون حاصل کرسکےگا۔
انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ فونز کو اقساط میں لینے کے لیے کسی ضمانت یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صرف شناختی کارڈ پرموبائل فون کا حصول ممکن ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسمارٹ فون فار آل اسکیم کے تحت 10 ہزار سے ایک لاکھ روپےمالیت کے اسمارٹ فونز 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی فرد کی جانب سے اقساط کی ادائیگی نہیں کی گئی تو فون کو لاک کردیا جائے گا جس کے بعد وہ دنیا میں کہیں بھی استعمال نہیں ہوسکے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس اسکیم کا مقصد عام آدمی تک اسمارٹ فون پہنچانا اورچھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے، تاہم انہوں نے پروگرام کے آغاز کی تاریخ پر کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ کنکٹیویٹی سہولیات کے لیے 65 ارب روپے سے 70 سے زائد پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔
امین الحق نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی کسی حکومت نے ملک میں موبائل فون بنانے کا نہیں سوچا تھا مگر آج وزارت آئی ٹی کی بدولت پاکستان میں 29 کمپنیاں موبائل فونزبنارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں