شرجیل اور اعظم کو فٹنس مسائل کے سبب ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا : محمد وسیم

بطور سلیکٹر مجھے شرجیل، اعظم خان سمیت کئی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کبھی شک نہیں رہا لیکن فٹنس کا طریقہ کار طے ہے ،اسکو فالو نہ کیا تو یہ پوری ٹیم کو ڈسٹرب کرسکتا ہے: چیف سلیکٹر

لاہور (انٹرنیٹ) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی اس سے اچھے نتائج لیے جا سکتے ہیں۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جیو سوپر کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ فائنل حکمت عملی ہیڈ کوچ اور کپتان بناتے ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ آصف علی، افتخار احمد اور خوشدل شاہ نیچے اچھی ہٹنگ کرتے رہے ہیں لیکن بیٹنگ میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ مڈل میں بیٹرز وکٹ کو زیادہ ویلیو دیتے ہیں جس کی وجہ سے مسئلے آرہے ہیں۔ شرجیل اور اعظم خان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے سوال پر محمد وسیم نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی فٹنس پر گزشتہ 2 سال سے بات چل رہی ہے لیکن ان کو فٹنس کے حوالے سے بات سمجھ نہیں آرہی۔چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ بطور سلیکٹر مجھے شرجیل، صہیب مقصود اور اعظم خان سمیت کئی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کبھی شک نہیں رہا لیکن بات آئے فٹنس پر تو اس میں ایک طریقہ کار طے ہے اگر اس کو فالو نہ کیا تو یہ پوری ٹیم کو ڈسٹرب کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مجھے فٹنس اور فیلڈنگ کے لیے اوکے کا سائن دے دیا جائے تو مجھے ان کھلاڑیوں کو شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں