سیلاب کی صورتحال :وزیراعظم شہباز شریف لندن کا دورہ منسوخ کرکے قطرسے اسلام آباد روانہ

شہبازشریف نے دوحہ سے لندن میں زیرعلاج اپنی پوتی کی عیادت کے لیے جانا تھا‘وطن واپسی پر فوری امدادی کاروائیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے.وزیراعظم آفس کا بیان

اسلام آباد(انٹرنیٹ) وزیراعظم شہباز شریف قطرکا سرکاری دورہ مکمل کرکے ملک میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر لندن کا دورہ منسوخ کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں. جمعرات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس ان کے وطن واپس پہنچتے ہی منعقد کرنے کی ہدایت کردی ہے.اجلاس میں این ڈی ایم اے سمیت دیگر حکام وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات سے آگاہ کریں گے وزیراعظم شہباز شریف نے حمزہ شہباز کی بیٹی اور اپنی پوتی کی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے قطر سے لندن جانا تھا لیکن ملک میں سیلاب کی صورتحال کے باعث وزیراعظم نے فوری وطن واپسی کا فیصلہ کیا وزیراعظم کی پوتی لندن میں زیر علاج ہے.
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا دو روزہ اہم سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں دوحہ کے ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر ٹرانسپورٹ جاسم سیف ال سلیطی نے انہیں رخصت کیا وزیراعظم کی امیر قطر ، قطری قیادت کے دوسرے اہم رہنماو¿ں، قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اور تاجروں سے کامیاب ملاقاتوں کے نتیجے میں قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری کر رہی ہے.
دورے کے دوران وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے وزیراعظم شیخ خالد بن خلیفہ عبدالعزیز الثانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی اور باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا. مزید برآں زراعت ،خوراک ، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی، سیاحت اور میزبانی کے شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا گیا.وزیراعظم نے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور بزنس ایسوسی ایشن کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران پاکستان قطر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ راﺅنڈ ٹیبل کانفرنس میں بھی شرکت کی کانفرنس میں قطر کے سرکردہ کاروباری اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز کے ساتھ دوحہ قطر میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی. کانفرنس کے دوران قطری تاجروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا وزیراعظم نے دوحہ میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے مقام 974 اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا.
وزیراعظم نے اسٹیڈیم میں موجود سہولیات کو سراہا اور اسٹیڈیم کی منفرد تعمیر کی تعریف کی اور قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے انقعاد پر قطر کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور اس سلسلے میں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد قطر کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں