خانیوال: ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کا واقعہ ، 15 مرکزی ملزمان گرفتار

خانیوال : صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ 15 مرکزی ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں پولیس نے ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ تینتیس نامزد ملزمان اورتین سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا،مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔

پولیس نے پندرہ مرکزی ملزمان کوشناخت کرکےگرفتارکرلیا، مجموعی طور پر پچاسی افراد کو حراست میں لیا گیا، فوٹیجز کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اورشناخت جاری ہے۔

واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کوپیش کردی گئی ہے ، ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے گرفتارملزمان نےاینٹوں اور ڈنڈوں سےشہری پر تشدد کیا۔

وزیراعلی اورآئی جی پنجاب سارے آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں ، وزیراعلی عثمان بزدارنے انصاف کےتمام تقاضےپورے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینےکی ا جازت نہیں دیں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز میاں چنوں میں ہجوم نے قرآن پاک کی بے حرمتی کاالزام لگا کرایک شخص کوقتل کردیا تھا ، وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ملوث افراد کی شناخت میں نادراصوبائی حکومت کی مددکررہا ہے، تمام ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں