کراچی میں 2 روزہ دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز

نٹ شی گروپ اور مارٹن ڈاؤ گروپ کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں 2 روزہ دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ۔

دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر بھی خصوصی مہمان تھے۔

تقریب کے استقبالیے سے سابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مثبت سمت پر ہے اور جو لوگ دنیا کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے، وبا کے باعث لوگ ایک دوسرے سے الگ ہوگئے ہیں لیکن انٹرنیٹ نے ہمیں آپس میں منسلک کر رکھا ہے۔

سمٹ سے خطاب میں چیئرمین مارٹن ڈاؤ علی آکھائی نے زور دیا کہ اس وقت ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور اومی کرون سے بچاؤ کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب میں پاکستان بزنس کونسل کے صدر احسان ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وبا کے دوران بہترین کام کیا گیا، ایسی صورتحال میں اسٹیٹ بینک کے مثبت اقدامات نے معیشت کو مستحکم کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کورونا وبا سے نمٹنے والے 5 بہترین ملکوں میں شامل ہے۔

چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ حکومت کو اپنی انشورنس کمپنیوں کو پی ایس ایکس میں اندراج کرنا ہوگا، سال 2021 میں پی ایس ایکس کی کمپنیوں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو آسان موبائل اکاؤنٹ فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں