حکومت کا نوازشریف کے معاملے پر شہبازشریف کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے معاملے پر ان کے بھائی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ نواز شریف کی صحت کا ڈرامہ رچایا گیا جو درست نہیں، اب کابینہ نے اس معاملے پر شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 17 مہینے میں کوئی علاج نہیں کرایا، انہوں نے جو رپورٹس بھیجی ہیں انہیں پنجاب حکومت نے مسترد کردیا ہے، ان کا باہر جانا علاج کے لیے نہیں بلکہ ایک فراڈ تھا اور اس فراڈ میں شہبازشریف شریک ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی فیملی سے پاکستانی ہائی کمیشن نے رابطہ کیا لیکن انہوں نے رپورٹس نہیں دیں، پاکستان ایمبیسی نے دو بار رابطہ کیا مگر انہوں نے جواب نہیں دیا، اب شہبازشریف اپنے بیان کے مطابق نوازشریف کو پاکستان لانے کے اقدامات کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت میں یہ درخواست کریں گے کہ شہبازشریف نوازشریف کو واپس لائیں بصورت دیگرانہیں نااہل قراردیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں