مری صورت حال:سیاحوں کی مدد کے لئے پاک فوج میدان میں آگئی

راولپنڈی: ملکہ کوہسار میں شدید برف باری کے باعث پھنسے سیاحوں کی مدد کے لئے پاک فوج میدان میں آگئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق مری میں غیر معمولی صورت حال کے باعث فوجی دستے سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں، مری ڈویژن کے دستے برف باری میں پھنسے لوگوں کو نکالنےمیں مصروف عمل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مری ڈویژن کے انجینئر دستے تمام روڈ کھولنے میں مصروف ہیں جبکہ مرکزی شاہراہوں کو کھولنےکیلئےآرمی انجینئربھی پہنچ چکے ہیں، جوان مشینری کےہمراہ روڈکھولنےمیں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برف باری میں پھنسے سینکڑوں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے بعد انہیں شیلٹر بھی فراہم کیاگیا ہے اور متاثر لوگوں کو کھانا دیگر ضروری سامان فراہم کیاجارہاہے۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے احکامات جاری کئے تھے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوانے کی ہدایت جاری کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں