لاہور سے 4 کمسن بہنیں مبینہ طور پر اغوا، آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں 4 سگی بہنوں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے۔

فیکٹری ایریا کے علاقے سے 4 معصوم بہنیں مبینہ طور پر اغوا ہوگئیں، مغوی بچیوں کی عمریں 2 سے 14 سال کے درمیان ہیں، سگی بہنوں کو مبینہ طور پر کیوں اغوا کیا گیا؟ فوری وجوہات معلوم نہ ہوسکی ہیں۔

لاپتہ ہونے والی بچیوں کی ماں نے تھانے میں اپنی بچیوں کے اغوا کا مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان میں بتایا کہ لوگوں کے گھروں میں کام کرکے واپس پہنچی تو بچیاں گھر میں نہیں تھیں، ہرجگہ تلاش کیا تاہم بچیوں کا نہیں پتہ چلا۔

خبر نشر ہونے پر آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بچیوں کی باحفاظت بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور بچیوں کی والدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور تمام پہلوؤں پر تفتیش کرکے بچیوں کی جلد بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں