کراچی:125 موٹر سائیکل نے دو غریب نوجوانوں کی جان لے لی

کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، دونوں نوجوان غازی گوٹھ کے رہائشی اور رنگ روغن کا کام کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 25 سالہ ممتاز اور 22 سالہ سلمان علی کے ناموں سے ہوئی، ممتاز کی ڈیڑھ سال پہلے جبکہ سلمان کی 4 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی۔

پولیس کا بتانا ہے کہ مرنے والے نوجوانوں کے پاس نئی 125 موٹر سائیکل تھی۔

فائرنگ سے محفوظ رہنے والے تیسرے نوجوان عبدالرشید نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پر رنگ کا کام مکمل کرکے واپس آرہے تھے، 2 موٹر سائیکلوں پر چار ملزمان نے گھیرلیا اور اسلحہ نکال لیا۔

عینی شاہد عبدالرشید نے بتایا کہ موٹر سائیکل سائیڈ پر روک رہے تھے ڈاکو سمجھے کہ ہم فرار ہورہے ہیں، قریبی ہوٹل کے پاس پہنچ کر موٹر سائیکل روکی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

نوجوان نے بتایا کہ لوگوں سے مدد طلب کی لیکن کوئی مدد کو نہ آیا اور دو دوست زندگی کی بازی ہار گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں